ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل کی مسجد احمد سعید میں نو منتخب میونسپل صدر اور نائب صدر کی تہنیت ؛ پرویز قاسمجی نے کہا؛ شہری مسائل کو حل کرنا میونسپالٹی کی اہم ذمہ داری

بھٹکل کی مسجد احمد سعید میں نو منتخب میونسپل صدر اور نائب صدر کی تہنیت ؛ پرویز قاسمجی نے کہا؛ شہری مسائل کو حل کرنا میونسپالٹی کی اہم ذمہ داری

Thu, 19 Nov 2020 10:45:27    S.O. News Service

بھٹکل:19؍نومبر(ایس اؤ نیوز) بھٹکل میونسپالٹی کے نو منتخب صدر پرویز قاسمجی اور نائب صدر  قیصر محتشم کی جماعت اسلامی ہند کی جانب سے تہنیت کی گئی اور شہر کے اہم مسائل کی طرف سے توجہ دلاتے ہوئے اُمید ظاہر کی گئی کہ موصوف  ان مسائل کی طرف توجہ دیں گے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پرویز قاسمجی نے بتایا کہ  جمہوری نظام میں جو کوئی برسراقتدار ہوتاہے وہ کسی ایک پارٹی یا طبقے کانمائندہ نہیں بلکہ وہ سبھی شہریوں کا نمائندہ ہوتاہے۔ اس کا فرض بنتاہےکہ وہ ہرایک کے مسائل کو حل کرنےکی کوشش کرے۔ اسی کے مصداق بھٹکل میونسپالٹی بھی ہندو اور مسلمانوں کی نہیں بلکہ وہ سبھی لوگوں  کی ہے انہوں نے اپیل کی کہ  دونوں طبقات اس خام خیالی سے باہر نکلے۔

 ہرلی سال میں واقع احمدسعید جمعہ مسجد میں منعقدہ تہنتی تقریب میں تہنیت قبول کرنےکے بعد خطاب کرتے ہوئے پرویز قاسمجی  نے واضح کیا کہ شہر کی سطح پر چونکہ مسلمانوں کی آبادی زیادہ  ہونے سے فطری طورپر میونسپالٹی میں مسلم نمائندوں کی تعداد زیادہ ہوتی ہے، اس کی بنیاد پر بھٹکل میونسپالٹی کو مسلمانوں کی سمجھنا غلط ہوگا، میونسپالٹی سےکئےجانےوالے ترقیاتی کام کسی ایک طبقےکو دھیان میں رکھ کر نہیں بلکہ پورے شہر کی ترقی کے لئے کئے جاتےہیں۔ انہوں نے  اپنی مدت میں شہر کےمسائل اور ترقیاتی  کاموں کے متعلق  منصوبہ بندی  کرتےہوئے مثبت سوچ کو لے کر آگے بڑھنے کا عزم ظاہر کیا ۔ شہر میں کئی سنگین مسائل بھی ہیں ، مجھے بہتر احساس ہے کہ یہ مسائل سنگین ہی نہیں پیچیدہ بھی ہیں، سبھی لوگوں کے ساتھ سوچ بچار کرتے ہوئے انہی کے تعاون سے مسائل کو حل کرنےکا تیقن ظاہر کیا۔ میونسپالٹی کے نائب صدر قیصر محتشم نے بھی تہنیت قبول کرنےکے بعد اپنے تاثرات کا اظہارکیا۔

تقریب کی صدارت کرتےہوئے امیر مقامی حافظ انجنئیر نذیر احمد نے کہاکہ بغیر کسی ذات پات، مذہب کی تفریق کے انسانوں کی خدمت کرنا عبادت کے درجہ میں شمار ہوتاہے۔ اسی کی بنیاد پر ہماری آخرت کی نجات منحصر ہے، اللہ کےنبی ﷺ کی زندگی بھی اس کا اعلیٰ نمونہ ہے۔ عہدے ، اختیار آج ہیں کل نہیں، مگر ہم نےجو سماجی خدمت کی ہےوہ ہمارے لئے دنیا و آخرت میں نجات کا ذریعہ بنیں گی۔

تقریب کا آغاز عزیزی غطریف ردا مانوی کی تلاوت قرآن سےہوا۔ جماعت اسلامی ہند بھٹکل کے معاون امیر مقامی مجاہد مصطفیٰ نے استقبال کیا ، محمد یونس رکن الدین نے شکریہ ادا کیا،  عبدالرووف سونور نےنظامت کے فرائض انجام دئیے۔ اس موقع پر قادر  میراں پٹیل ، مولانا سید زبیر ، ایس کےصلاح الدین سمیت کئی لوگ موجود تھے۔


Share: